حکومت کو سانحہ ڈی چوک کا پورا پورا حساب دینا ہوگا: بیرسٹر سیف

Published On 09 January,2025 11:56 am

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ حکومت کو سانحہ ڈی چوک کا پورا پورا حساب دینا ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کی سانحہ ڈی چوک پر خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت نے 26 نومبر کو انسانی حقوق کی پامالی کی نئی داستان رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہر دور میں معصوم جانوں کو نگلنے کی روایت پر عمل کرتی رہی ہے، ماڈل ٹاؤن میں حاملہ خواتین پر سیدھی گولیاں چلانا ن لیگ کے ریکارڈ کا حصہ ہے، مسلم لیگ ن کو معصوم جانیں نگلنے کے ذریعے اقتدار کا طول حاصل کرنے کی عادت ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کو سانحہ ڈی چوک کا پورا پورا حساب دینا ہوگا، 26 نومبر کو حکومت نے فسطائیت کی انتہا کر دی، نہتے کارکنوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، سانحہ ڈی چوک حقیقی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔