سنجدی کان حادثہ: کوئلہ کمپنی مالک کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

Published On 11 January,2025 06:10 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) کوئٹہ کے علاقے سنجدی میں کان حادثے کے بعد محکمہ مائنز نے مالک کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق چیف مائنز انسپکٹر نے کول مائنز کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے مراسلہ ارسال کردیا ، مراسلہ میں لکھا گیا کہ کوئلہ کمپنی نے حفاظتی اقدامات نہیں کئے۔
دوسری جانب وزیر معدنیات و خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے چیف انسپکٹر مائنز غنی بلوچ کو متاثرہ مقام پر 2مزید ٹیمیں بھیجنے کی ہدایت کردی ، مائننگ کے مروجہ طریقہ کار کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر کوئلہ کمپنی  مالک کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی مائن کمپنی مالک قانون اور انسانی زندگیوں سے بڑا نہیں، متاثرہ کان سے مزدوروں کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن کو تیز کیا جائے، مزدوروں کے تحفظ کے لئے مائنز میں حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

میر شعیب نوشیروانی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق اور حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، انہوں نے مائنز ڈیپارٹمنٹ کو حادثات کی روک تھام کے لئے جدید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔