سندھ پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار، کینالز بنانے سے دریا سوکھ جائیگا: شرمیلا فاروقی

Published On 11 January,2025 10:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما و ایم این اے شرمیلا فاروقی کا دریائے سندھ پر کینالز کی تعمیر سے متعلق بیان سامنے آگیا۔

شرمیلا فاروقی نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار ہے، کینالز بنانے سے دریا سوکھ جائیگا، کینالز کی تعمیر سے ڈیلٹا برباد ہو جائے گا، چاولوں کی فصلیں بھی متاثر ہوں گی۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ کسی بھی دریا کا ڈیلٹا قائم رکھنے کیلئے 8.6 ملین ایکڑ فٹ پانی کی مقدار لازم ہے، پانی کم ملنے کے باعث کوٹری بیراج کے قریب دریا ریگستان کا منظر پیش کر رہا ہے۔

شرمیلا فاروقی نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس فوری بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وفاق کینالز کے معاملے پر مفادات کونسل کا اجلاس بلانے سے گریزاں نظر آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ملکی آمدنی کا تقریباً 23 فیصد وفاق کو دیتا ہے، کینال بنانے سے سندھ کی زمینیں بنجر ہونے کا خدشہ ہے۔