ہم ایسے غلام ہیں جو اپنی مرضی سے آٹا نہیں خرید سکتے: سراج الحق

Published On 12 January,2025 09:50 pm

وہاڑی:(دنیا نیوز) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم ایسے غلام ہیں جو اپنی مرضی سے آٹا نہیں خرید سکتے۔

وہاڑی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت بے شمار مسائل ہیں ،ملک میں سب کچھ ہے سوائے انصاف امن اور جمہوریت کے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ میں مذاکرات پارٹیوں کی منشاء سے ہورہے ہیں ، ان دونوں جماعتوں کے مذاکرات میں ملکی مسائل کی بجائے مفادات اہم ہیں۔

سابق امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم ایسے غلام ہیں جو اپنی مرضی سے آٹا نہیں خرید سکتے ، ایسٹ انڈیا کمپنی کے بعد آئی ایم ایف ہم پر قابض ہے ، موجودہ حکمرانوں کے ہاتھوں میں ملکی مسائل حل کرنے کی لکیر نہیں ہے ۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کی حقیقی ترجمان ہے۔