حافظ نعیم الرحما ن کا احتجاجی تحریک کو ازسر نو منظم کرنے کا فیصلہ

Published On 12 January,2025 09:41 pm

لاہور:(دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ احتجاجی تحریک کو ازسر نو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں منصورہ سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا انسانیت اور جمہوریت کا دشمن ہے، اسرائیل کی غزہ میں جاری نسل کشی کو واشنگٹن کی پشت پناہی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اسلامی ممالک کے حکمرانوں، ڈکٹیٹروں اور بادشاہتوں کو سپورٹ کرتا ہے اور بدلے میں ڈکٹیٹر امریکی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومت اور اپوزیشن امریکا کی طرف دیکھ رہی ہے لیکن جماعت اسلامی ملک میں جمہور کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے احتجاجی تحریک کو ازسر نو منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 17جنوری کو بجلی ٹیرف میں کمی کے لیے ملک گیر مظاہرے ہوں گے، آئی پی پیز کے نام پر حکمرانوں نے ملک کو لوٹ لیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئی پی پیز پر دست شفقت رکھا ہے۔