لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹرز منصورہ آمد ہوئی، محسن نقوی سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، بلوچستان اور خیبر پختونخوا خصوصاً کرم ایجنسی کے حالات پر گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پورے ملک میں امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر داخلہ نے آئی پی پیز سے معاہدوں کے حوالے سے بھی امیر جماعت اسلامی کو آگاہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے بارے میں تجاویز پیش کیں، حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کو فلسطین کے معاملے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، جس پر وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، وزیر اعظم نے ہر فورم پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا ہے۔
ملاقات میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر اسامہ رضی بھی موجود تھے۔