کسی کو یہ اختیار نہیں کہ وہ میرا گھر جلائے اور اسے سیاست قرار دے: سپیکر پنجاب اسمبلی

Published On 13 January,2025 05:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کسی شخص کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ میرے گھر کو آگ لگائے اور اسے سیاست قرار دے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ڈائیلاگ میں جرم اور سیاست کو الگ رکھ کر دیکھنا ہوگا، میری پوزیشن انتہائی غیر جانبدار ہے اور ڈائیلاگ کے حوالے سے میرا اپنا نکتہ نظر ہے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میرے خیال کے مطابق جن لوگوں نے پریس کانفرنس کرکے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کی وہ بھی جرم میں شریک تھے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 26 نومبر کی عدالتی تحقیقات کےلئے کسی مدعی کا سامنے آنا ضروری ہے، یہ نہیں ہوسکتا نہ لاشیں ہوں، نہ لواحقین اور عدالتی کمیشن کی باتیں بنانے کی کوشش کی جائے۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایسا شخص جس کا کردار جھوٹ پر مبنی ہواس کی بات پر یقین نہیں کیا جاسکتا۔