لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو تسلیم نہ کرنے تک ملک افراتفری کا شکار رہے گا۔
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ بہت کچھ بہتر ہوا ہے، سب لوگ بتا رہے ہیں لوکل ماحول بہتر ہوا ہے ، تحریک انصاف کو مذاکرات کا حصہ بننا چاہئے ، اسٹیبلشمنٹ، حکومت اور اپوزیشن میں سے لوگ پاکستان کے لئے سامنے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات انتہائی مثبت عمل ہے، سیاست کرنے کا ایک ماحول ملنا چاہیے ، جب تک تحریک انصاف کو تسلیم نہیں کیا جاتا تب تک ملک میں افراتفری رہے گی ، ہر جماعت میں شدت پسند لوگ ہیں، خواجہ آصف کو شامل نہیں کیا اس لئے وہ غصہ ہیں۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی زندگی کو خطرہ ہے تو فوری طور پر ان کو جیل سے نکالنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
ضمانت میں توسیع
بعد ازاں انسداد دہشت گردی عدالت میں فواد چودھری کی پانچ مقدمات میں درخواست ضمانت پر جج منظر علی گل نے سماعت کی۔
دوران سماعت پولیس کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ تمام مقدمات میں تفتیش مکمل ہے،فواد چودھری کے وکیل ایڈووکیٹ نجیب فیصل نے کہا کہ پولیس نے اپنے دفتر بلوایا ہے، دفتر جا کر الزامات کی تفصیلات دیکھ لیں گے۔
بعدازاں عدالت نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 12 فروری تک توسیع کردی۔