سپریم کورٹ بینچز کے اختیارات محدود: انکم ٹیکس کیس کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری

Published On 14 January,2025 07:02 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) سپریم کورٹ بینچز کے اختیارات محدود کرنے کے معاملے پر جسٹس منصور علی شاہ نے انکم ٹیکس کیس کی گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

عدالت نے اپنے حکم نامے میں لکھا کہ آئین کے آرٹیکل 191 اے کے تحت بینچ کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھایا گیا، درخواست گزار کے مطابق آئینی ترمیم کے تحت موجودہ بینچ سماعت کا اہل نہیں۔

حکمنامہ کے مطابق وکیل کا کہنا ہے کہ کسی قانون کے آئینی یا غیر آئینی ہونے کا فیصلہ آئینی بینچ ہی کر سکتا ہے، دوسرے فریق کے مطابق عدالت کے دائرہ اختیار پر اعتراض کی بنیاد غیر آئینی ہے، اعتراض کی بنیاد عدلیہ کی آزادی اور اختیارات کی تقسیم کے اصول کے منافی یے۔

عدالتی حکمنامہ میں لکھا گیا کہ لازمی ہے کہ موجود بینچ پہلے اپنے دائرہ اختیار ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرے، عدالت نے فریقین کو دائرہ اختیار پر معاونت کی ہدایت کر دی۔

دوسری جانب مزید سماعت 16 جنوری کو ہو گی، فریقین کے وکلاء سے پوچھا گیا، کیا عدالت آرٹیکل 191 اے کی آئینی حیثیت کا جائزہ لے سکتی ہے؟ جس پر فریقین کے وکلاء نے معاونت کے لیے وقت مانگا ہے۔