راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے تیراہ میں کارروائی کے دوران 5 خوارج جہنم واصل کر دیئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر ڈسٹرکٹ کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، آپریشن خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران خارجی رنگ لیڈر عابد اللہ تراب سمیت پانچ خوارج جہنم واصل جبکہ ایک خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر خوارج کے خاتمے کیلیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔