مراکش کشتی حادثے میں بچ جانیوالے 21 پاکستانیوں کی فہرست جاری

Published On 19 January,2025 12:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارتِ خارجہ نے مراکش میں بچ جانے والے 21 پاکستانیوں کی فہرست جاری کر دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق زندہ بچ جانے والوں کے نام اور پاسپورٹ نمبر جاری کر دیئے گئے، بچ جانے والوں میں مدثر حسین، وسیم خالد، محمد خالق، عبدالغفار، گل شمیر، تنویر احمد، عباس کاظمی، غلام مصطفیٰ، بدر محی الدین، عمران اقبال شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رباط میں پاکستانی سفارتی مشن کے ذریعے متاثرہ شہریوں کو فوری امداد فراہم کی گئی، سفارتخانے نے متاثرہ افراد کیلئے ضروری اشیاء، کھانا، پانی، ادویات اور کپڑوں کا بندوبست کیا، مقامی حکام ہماری سفارتی درخواست کے تحت پناہ گاہیں اور طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، سفارتخانے کی قونصل ٹیم اس وقت دخلہ میں موجود ہے، مراکش میں متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

ترجمان کے مطابق بچ جانے والے شہریوں کی وطن واپسی کے عمل کیلئے بھی کوشاں ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہیں۔