اسلام آباد:(دنیا نیوز) مشیروزارت قانون و رہنما ن لیگ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے مذاکرات سے راہ فرارکی کوشش کر رہے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے31 جنوری تک کی ڈیڈ لائن دی ہے، حکومت نےنہیں کہا کہ کمیشن نہیں بنےگا،سمجھ نہیں آرہی ان کوجلدی کس بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھمکیاں دے کرمذاکرات نہیں ہوتے، ٹی او آرز بنانا پی ٹی آئی نہیں حکومت کا کام ہے،یہ مذاکرات سے راہ فرارکی کوشش کر رہے ہیں، میرے خیال سے چوتھی نشست ہونی چاہیے۔
مشیروزارت قانون نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے بے تکے ٹی او آرز دیئےہیں، اس پر حکومت نے ایک ذیلی کمیٹی بنادی ہے۔
پیکا ایکٹ کے سوال پر بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ پیکا قانون ابھی کمیٹی میں جائے گا، سوشل میڈیا پرجس کا جو دل کرتا ہے پوسٹ کر دیتا ہے، سوشل میڈیا پر فیک نیوز کو پھیلایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے یہ جعلی حکومت کہتے تھے اب مذاکرات بھی کر رہے ہیں، انہوں نے ہماری حکومت کو تسلیم تو کر لیا ہے، مذاکرات کسی اورجگہ نہیں حکومت کے ساتھ ہی ہونے ہیں۔