لاہور: (دنیا نیوز) عمرہ پر جانے کے لیے لازمی قرار دی جانے والی گردن توڑ بخار کی ویکسین کی قلت پیدا ہو گئی۔
لاہور سمیت پنجاب میں "میننجائٹس" ویکسین ناپید ہو گئی جس کے باعث عمرہ زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سرکاری مرکز برائے حفاظتی ٹیکہ جات پر ویکسین دستیاب ہی نہیں، نجی میڈیکل سٹورز پر بھی ویکسین موجود نہیں۔
عمرہ زائرین کا کہنا ہے کہ حفاظتی ٹیکہ جات لگانے والی نجی لیبارٹریز نے بھی ویکسین سے انکار کر دیا، جہاز کی ٹکٹس ہوگئی ہیں مگر ویکسین نہیں مل رہی، مختلف اضلاع سے لاہور آئے ہیں لیکن ویکسین نہیں مل رہی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لاہور کے میڈیکل سٹورز پر گردن توڑ بخار کی ویکسین بلیک میں فروخت ہورہی ہے، کمپنی کی جانب سے ویکسین کی قیمت 6 ہزار 700 روپے تک ہے جبکہ مارکیٹ میں گردن توڑ بخار کی ویکسین 10 سے 20 ہزار تک میں فروخت ہو رہی ہے۔
ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام کے پاس ویکسین دستیاب نہیں، شہری میڈیکل سٹور سے ویکسین خرید کر انسٹی ٹیوٹ پبلک ہیلتھ سے لگوا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنی صنوفی، اوینٹس، فائزر کی ویکسین سفر کے لیے قابل قبول ہوگی، ویکسین سفر سے کم از کم دس روز قبل لگوانا لازمی ہے۔