گردن توڑ بخار کی ویکسین کی قلت پرنوٹس، ڈرگ کنٹرول ونگ متحرک

Published On 04 February,2025 11:38 pm

لاہور:(دنیا نیوز) عمرہ پر جانے کے لیے گردن توڑ بخار کی ویکسین کے معاملے پر سیکرٹری صحت پنجاب نادیہ ثاقب اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے نوٹس لے لیا۔

سیکرٹری صحت پنجاب نادیہ ثاقب نے ڈرگ کنٹرول ونگ کو متحرک کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ دو روز بعد میننجائٹس ویکسین کی 16 ہزار وائلز لاہور پہنچ جائیں گی، پرائمری سیکنڈری فائزر کمپنی سے وافر سٹاک منگوانے کی ہدایات بھی کر دی گئی۔

نادیہ ثاقب نے کہا کہ میننجائٹس ویکسین کی مارکیٹ میں کنٹرول ریٹ پر دستیابی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، پرائمری سیکنڈری میننجائٹس ویکسین کے حوالے سے اوور چارجنگ کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، عمرہ کیلئے لازمی قرار دینے سے پہلے ویکسین کا سالانہ استعمال صرف 3 ہزار وائلز کا تھا۔

سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ پنجاب میننجائٹس ویکسین امپورٹ کی جاتی ہے، ویکسین کی لیبلنگ کا بھی مسئلہ آ رہا ہے جس کو دیکھا جا رہا ہے، ویکسین کی قیمت 6ہزار5 سو روپے ہے۔

انہوں نے چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب سمیت تمام اضلاع کے ڈرگ انسپکٹرز کو ویکسین سختی سے اصل قیمت پر فروخت کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔