جان بوجھ کر شیر کا پنجرہ کھولنے والے ملازم کیلئے جیل کا دروازہ کھل گیا

Published On 02 February,2025 01:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جان بوجھ کر شیر کا پنجرہ کھولنے پر محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے سخت ایکشن لیتے ہوئے پارک ملازم کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق جلو پارک میں تعینات ملازم شریف مسیح نے جان بوجھ کر شیر کا پنجرہ کھول دیا جس پر شیر پنجرے سے باہر آگیا، پارک میں تعینات عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شیر کو بے ہوش کر کے واپس پنجرے میں منتقل کردیا۔

ترجمان نے بتایا کہ شیر کو بے ہوشی سے واپس لانے کے لیے انجکشن بھی لگایا گیا ، محکمہ وائلڈ لائف نے بروقت کارروائی کرنے اور شیر کو بحفاظت واپس منتقل کرنے پر ٹیم کو سراہا ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے ملازم کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے اور محکمانہ انکوائری شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف لاہور اور ویٹرنری آفیسر سفاری پارک شامل ہیں، کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 12 گھنٹوں کے اندر انکوائری مکمل کرے۔

ترجمان وائلڈ لائف پنجاب نے مزید کہا کہ محکمہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرے گا۔