چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں دوسرے ٹور کا آغاز، شیخوپورہ میں نمائش

Published On 01 February,2025 08:43 pm

لاہور:(د نیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کا دوسرے مرحلے میں پاکستان کا ٹور شروع ہوگیا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا سفر شیخوپورہ سے شروع ہوا، تاریخی ہرن مینار میں ٹرافی کی نمائش کی گئی، جس کے بعد ٹرافی فیصل آباد پہنچ گئی۔

شیخو پورہ سے ٹرافی کے فیصل آباد پہنچنے پر اقبال سٹیڈیم میں رونمائی کی تقریب کی گئی، جس میں کرکٹ سے وابستہ آفیشلز اور کھلاڑیوں نے ٹرافی کے ساتھ لمحات کی عکس بندی کی۔

اس کے بعد ٹرافی کو تاریخی گھنٹہ گھر چوک لے جایا گیا، جہاں پر ٹرافی کا فوٹو شوٹ کیا گیا، شہریوں نے بھی ٹرافی کی نمائش کی ویڈیوز بنائیں۔

دوسرے مرحلے میں ٹرافی کو 14 دن کے سفر کے دوران ملتان قلعہ، بہاولپور کے نور محل، پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم، کراچی کے نیشنل سٹیڈیم، حیدرآباد کے نیاز سٹیڈیم لے جایا جائے گا۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا یہ سفر 14 فروری کو کراچی میں اختتام پذیر ہوگا، چیمپئنز ٹرافی 2025 کا افتتاحی میچ میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 19 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے اس سفر میں ٹرافی کو 14 دنوں میں پاکستان کے دس مختلف شہروں میں لے جایا جائے گا، یہ ٹرافی ٹور 14 فروری کو کراچی میں اختتام پذیر ہوگا۔