پی ٹی آئی مذاکرات میں واپس آئے، چارٹر آف ڈیمانڈ کا جواب دینگے: رانا ثناء اللہ

Published On 23 January,2025 11:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات ختم نہیں ہوئے، پی ٹی آئی مذاکرات میں واپس آئے ، چارٹرآف ڈیمانڈ کا جواب دینگے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملات ٹیبل پربیٹھ کرہی حل ہوتے ہیں، اگربانی اتنے ہی سچےہیں تودھرنوں سے متعلق بھی سچ بولیں، 26 نومبرپرکس بات کا کمیشن بنائیں؟۔

رانا ثناء اللہ نے کہاکہ ہم پی ٹی آئی کے چارٹرآف ڈیمانڈ کےایک ایک پوائنٹ کا جواب دیں گے، اگرمعاہدہ نہیں ہوتا توکوئی بات نہیں،رابطہ رہنا چاہیے، جمہوری سسٹم میں اپوزیشن اورحکومت میں رابطہ رہنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان تحریک انصاف کا حکومت سے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے مذاکرات میں شامل ہونے کی غلطی ہوگئی، حکومت تحریک انصاف کے مطالبات کا سنجیدگی سے جواب تیار کررہی ہے، بانی سے ملاقات 28 جنوری سے پہلےہونا تھی، اتنی جلدی کیوں؟ پی ٹی آئی نے مذاکرات ختم کرنے کے لیے بہانہ ڈھونڈا۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ پاکستان کوسیاسی استحکام کی ضرورت ہے، اگر2017میں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ملکرسازش نہ کرتے تو آج یہ مسائل نہ ہوتے، سارے مسائل کے یہ خود ہی ذمہ دارہیں۔

انہوں نے کہا کہ حامد رضا کے گھرچھاپہ میرے علم میں نہیں ہے، اگر ان کے گھرچھاپہ مارا گیا ہے توہمیں بتا دیتے، مذاکرات جمہوری سسٹم کی ضرورت ہے، مذاکرات کسی کی ذات نہیں جمہوریت کے لیے ہورہےہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مذاکرات سے انکار کی وجہ حکومتی رویہ، بانی سے ملاقات نہیں کرائی: حامد رضا

رانا ثناء اللہ نے پیکا ایکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے ایکٹ عجلت میں پاس نہیں ہوا، پی ٹی آئی دورسے ایکٹ میں ترمیم کی کوشش ہوتی رہی۔

سوشل میڈیا پرکسی کی بھی عزت محفوظ نہیں ہے، پیکا ایکٹ پرمشاورت ہوسکتی ہے، جو ایکٹ پاس ہوا ہے وہ کوئی حرف آخرنہیں، اگرکوئی چیزغلط ہے تو 10 ترامیم ہوسکتی ہیں۔