اسلا آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آذربائیجان کشمیر کاز پر پاکستان کے مؤقف کی غیرمتزلزل حمایت کرتا ہے۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان آٹھویں مشترکہ کمیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تذویراتی شراکت داری ہے، بزنس ٹو بزنس تعلقات سے دونوں ملکوں میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آذربائیجان خطے میں کلیدی کردارادا کرے گا، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور ترویج کیلئے ایک دوسرے سے تعاون ضروری ہے، دونوں ممالک ای ویزہ اور براہ راست پروازوں کیلئے کام کر رہے ہیں۔