پیکا ترمیمی بل ڈریکونین قانون، قبول نہیں کریں گے : علی ظفر

Published On 27 January,2025 06:18 pm

اسلام آباد :(دنیا نیوز) سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ متنازع پیکا ترمیمی بل ڈریکونین قانون ہے، کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

پارلیمنٹ کےباہرسینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس،حامد خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفرکا کہنا تھا کہ ہمیں سینیٹ میں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا، صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ متنازع پیکا ترمیم آئین کی خلاف ورزی ہے، متنازع پیکا ایکٹ میں فیک نیوزکی بھی ایک نئی تشریح کی گئی ہے، فیک نیوزکی نئی تشریح سے اظہار رائے کو کچلنے سے جمہوریت ختم ہو جائے گی۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ متنازع پیکا ترمیمی بل ڈریکونین قانون ہے، جواتھارٹی بنائی گئی ہےاس میں حکومت نے اپنے لوگ رکھے ہیں،عمران خان کا پیغام واضح ہے، متنازع ترمیم کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں چاہتے صحافی کو سوال کرنے پر جیل بھیج دیا جائے، رائے کا حق ختم کر دیں تو ملک میں جمہوریت ختم ہو جاتی ہے، تجویز دیتے ہیں کہ متنازع پیکا ایکٹ پر دوبارہ حکومت جوائنٹ کمیٹی بنائے اور جوائنٹ کمیٹی کی تجاویز پر عمل کیا جائے۔

دوسری جانب رہنما تحریک انصاف حامد خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے صحافی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور غیرآئینی اقدام کی ہر جگہ مخالفت کریں گے۔