جیل رولز کے تحت عمران خان کی بچوں سے فون پر بات نہیں کراسکتے: جیل سپرنٹنڈنٹ

Published On 28 January,2025 12:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے کہا ہے کہ جیل رولز کے تحت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیرون ملک بچوں سے فون پر بات نہیں کروا سکتے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ذاتی معالج،اہلیہ سے ملاقات اور بیٹوں سے فون کال پر بات کروانے سے متعلق درخواست پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل غفور انجم عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار کیا کہ یہ درخواست سہولیات سے متعلق ہے آپ نے درخواست گزار کو کیا سہولیات دیں؟

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل غفور انجم نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو کیٹیگری بی کے تحت تمام سہولیات دی جا رہی ہیں، ٹی وی اوراخبار دیا جا رہا ہے، ایک باورچی بھی دیا گیا ہے، جیل میں ہفتے میں 2 مرتبہ ملاقات کی اجازت ہے لیکن ہم 3،4 مرتبہ بھی ملاقات کروا دیتے ہیں،سزا ہونے سے پہلے بشریٰ بی بی کو ملوایا جاتا تھا سزا ہونے کے بعد ملاقات کروا دیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بچوں سے فون کال پر بات کروانے کی بھی درخواست ہے جس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ ہم بیرون ملک کالز اس لیے نہیں کروا سکتے کیونکہ ہمارے پاس 8 ہزار قیدی ہیں، اگر اجازت دی گئی تو دیگر قیدی اس کو عدالت میں چیلنج کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: توشہ خانہ ٹو کیس: عمران ، بشریٰ کے وکیل کی کیس دوسرے بنچ میں منتقل کرنے کی استدعا

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 25 بیرونی ممالک کے قیدی بھی موجود ہیں، اگر ہم بات کرائیں گے تو ایک ٹرینڈ سیٹ ہو جائے گا، جیل رولز اور حکومت کی جانب سے بین الاقوامی کالز کی اجازت نہیں، جب قیدی آتا ہے تو اس کو ایک کوڈ دیا جاتا ہے جس سے وہ فون کال کر سکتا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے مزید کہا کہ ملاقاتیں تواتر کے ساتھ ہو رہی ہیں جب ٹرائل آ جائے تو ملاقات ملتوی ہو جاتی ہے، ان کے اور بھی مسائل ہیں ، یہ بہت لوگ ہیں اور ملنے والا ایک ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ میں اس معاملے میں نہیں پڑنا چاہتا۔

عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو بھی ملنے کی اجازت دی گئی تھی، عمران خان کو 6 اخبارات پڑھنے کی اجازت ہے لیکن 2 اخبارات دئیے گئے ہیں۔

اس پر جیل سپرنٹنڈنٹ نے جواب دیا کہ اڈیالہ جیل میں صحت کی سہولیات پاکستان میں سب سے بہترین ہیں، ڈاکٹر روزانہ کی بنیاد پر چیک اپ کرتے ہیں،بانی پی ٹی آئی 16 ٹی وی چینلز دیکھتے ہیں اور ان کو 2 اخبارات دئیے گئے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے ہدایات کے ساتھ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست نمٹا دی۔