31 جنوری تک مذاکرات بحال نہ ہوئے تو کمیٹی ختم کردیں گے: عرفان صدیقی

Published On 28 January,2025 03:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر 31 جنوری تک مذاکراتی عمل بحال نہ ہو تو ہم کمیٹی تحلیل کردیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپوزیشن کا بہت انتظار کیا، سپیکر صاحب کے کمرے میں بھی ان کا 45 منٹ انتظار کیا،آج پی ٹی آئی نے مذاکراتی عمل کو ختم کردیا ہے۔

انہوں نے کہ تحریک انصاف نے 5دسمبر کو کمیٹی بنائی تھی مذاکرات کے 3 سیشنز بھی ہوئے، ہم نے ان سے جواب کیلئے 7ورکنگ ڈیز مانگے تھے، طے ہوا تھا ہم تیار جواب کی تفصیلات جاری نہیں کریں گے، کمیٹی کا دوسری کمیٹی کے درمیان ہی معاملہ تھا۔

حکومتی کمیٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی ڈیڈلائن 31 جنوری ہے جو ابھی باقی ہے، مذاکرات کا سلسلہ عملاً ختم ہوچکا ہے، ہم نے اپنی کمیٹی کو تحلیل نہیں کیا، ہماری کمیٹی 31 جنوری تک قائم رہے گی، اگر یہ سپیکر سے بات کرتے ہیں تو ہم بیٹھ جائیں گے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ کمیٹی سپیکر نے تحلیل نہیں کرنی وہ درمیان میں ایک واسطہ ہیں، حکومتی کمیٹی وزیراعظم نے بنائی وہی ختم کریں گے، ہماری طرف سے کوئی رابطہ نہیں ہوگا، ہم ان کے پاس کوئی پیغام نہیں لیکر جائیں گے کہ وہ تشریف لائیں، وہ اب سپیکر صاحب سے ہی رابطہ کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جمہوری روایات کو بہت نقصان پہنچایا جس کا ہمیں بڑا افسوس ہے، بانی پی ٹی آئی اب یوم سیاہ مناتے رہیں، ہم پتا نہیں ان کو کون کونسا عندیہ دینے کیلئے بیٹھے ہوئے تھے،وہ آجاتے، ان کیلئے کھڑکی کھلی تھی،انہوں نے اپنا راستہ خود ہی بند کردیا ہے۔