ایم کیوایم رہنماؤں کی پی پی مخالف پریس کانفرنس جھوٹ کے سوا کچھ نہیں: مرتضیٰ وہاب

Published On 31 January,2025 12:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) ترجمان بلاول بھٹوزرداری بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیوایم رہنماؤں کی پیپلزپارٹی مخالف پریس کانفرنس جھوٹ کے پلندہ کے سوا کچھ نہیں۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ایم کیو ایم رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا کہ ایم کیوایم رہنما آپس کے اختلافات کی وجہ سے اضطراب کا شکار ہیں، ایم کیو ایم رہنما آپسی اختلافات کا غصہ کسی اور پرنکال رہے ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر ایم کیو ایم رہنماؤں کو اپنا داغدارماضی یاد آجاتا ہے، ایم کیو ایم کا ماضی بوری بند لاشوں اور بھتہ خوری سے مزین ہے، ایم کیو ایم والوں کو کراچی کی ترقی ایک آنکھ نہیں بھاتی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ جتنے بھی روڑے اٹکا لیں ہم شہر کراچی کی رونقیں بحال کرکے دم لیں گے، یہ سیاسی یتیم کراچی کے شہریوں کے دھتکارے ہوئے ہیں، ایم کیو ایم رہنما اچھی طرح جانتے ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔

ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سمیت سندھ کا ہر باشندہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ کھڑا ہے۔