سپر سیڈرز سے زراعت میں جدت کا خواب حقیقت بن رہا ہے: مریم نواز

Published On 16 February,2025 12:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سپر سیڈرز سے زراعت میں جدت کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔

پنجاب میں سپر سیڈرز کے استعمال سے ایک ہزار کاشتکاروں نے چند ماہ میں 57 کروڑ 95 لاکھ روپے کمالیے ، صوبہ بھر میں گندم کی کاشت میں سپر سیڈرز کے ذریعے 330 ٹن بیج کی بچت ہوئی، سپر سیڈرز کے استعمال سے روایتی طریقہ کار کے مقابلے میں 18 لاکھ 70 ہزار لٹر ڈیزل کا کم استعمال ہوا۔

سپر سیڈرز سے کاشت پر ڈیزل کے استعمال میں 48 کروڑ 62 لاکھ روپے کی بچت ہوئی، کاشتکارکو سپر سیڈرز سے گندم کی بوائی پر فی ایکڑ 3 ہزار 666 روپے کی بچت ہوئی، پنجاب کے 31 اضلاع میں 7 ہزار 805 کاشتکاروں نے سپر سیڈرز کے ذریعےایک لاکھ 10 ہزار 14 ایکڑ اراضی پر گندم کی کاشت کی، 7 ہزار 805 کسانوں نے 68 ہزار 185 ایکڑ پر رینٹل سروس کے ذریعے سپر سیڈرز استعمال کیے۔

صوبہ بھر کے 93 فیصد کاشتکاروں نے سپر سیڈرز سے کاشت پر گندم کے اگاؤ کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپر سیڈرز کے ذریعے گندم کی بوائی کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں، سپر سیڈرز کے ذریعے گندم کی بوائی روایتی طریقہ کار کی نسبت بہترین ہے۔

کاشتکاروں نے مزید کہا کہ زمین کی زرخیزی بڑھانے کے لئے سپر سیڈرز کا استعمال عمدہ نتائج کا حامل ہے، آئندہ بھی سپر سیڈرز استعمال کرکے ہی گندم کاشت کریں گے، سپر سیڈرز سے ایک ایکڑ میں گندم کی بوائی صرف ایک گھنٹے میں مکمل ہونے سے وقت اور وسائل بچتے ہیں۔

سپر سیڈرز سے بوائی پر 100 روپے فی ایکڑمزدوری کی مد میں بچت ہوتی ہے جبکہ بیج کے استعمال میں 50 کلو سے 47 کلو فی ایکڑ کمی آتی ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سپر سیڈرز کے نتائج پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ایگریکلچر میکانائزیشن صرف آغاز ہے، زراعت میں مزید انقلابی اقدامات کریں گے، سپر سیڈرز سے زراعت میں جدت کا خواب حقیقت بن رہا ہے، لیبر کاسٹ، وقت اور ایندھن کی بچت سے کسانوں کو بڑا ریلیف ملا۔

ان کامزید کہنا تھا کہ ہمارا مشن کسانوں کی خوشحالی، زراعت میں جدت اور ترقی ہے، پنجاب کو جدید زرعی ٹیکنالوجی کا مرکز بنانا ہمارا عزم ہے، پیداواری لاگت میں کمی اور زیادہ منافع ہماری حکمت عملی کا حصہ ہے۔