سیہون حادثے پر پنجاب حکومت نے سیاست کرنے کی کوشش کی: شرجیل میمن

Published On 17 February,2025 12:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیہون حادثے پر پنجاب حکومت نے سیاست کرنے کی کوشش کی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام مین کا کہنا تھا کہ وفاق میں سب سے زیادہ حکومت مسلم لیگ ن کی رہی ہے، اگر سڑکیں مکمل نہیں ہوئیں تو یہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے، پنجاب کی وزیر اطلاعات جب شعلہ بیانی کرتی ہیں تو یہ سمجھ لیں کہ جواب بھی آئے گا، ہم جھوٹی باتیں نہیں کریں گے، ہم صرف آپ کو سچ بتائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں 180ارب روپے ملنے چاہئیں جس سے سڑکوں کو بہتر کریں، ہمارے 180ارب روپے سپریم کورٹ میں پڑے ہیں، سندھ حکومت کے پیسے عدالت میں جمع ہورہے ہیں، پورے پاکستان کی ٹریفک نے سندھ بھر کی سڑکوں پر چلنا ہے، آپ ہم پر بوجھ ڈالتے جارہے ہیں اور ہاتھ پاؤں بھی ہمارے ہی باندھتے جارہے ہیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حادثات میں جانیں جانا کوئی کھیل نہیں، سیہون کی سڑک وفاقی حکومت نے بنانی ہے تو بنائے ورنہ ہمیں بتادیں، ہم وفاقی حکومت سے جائز بات کررہے ہیں لڑائی نہیں کررہے، ہم نے کبھی بلیک میلنگ کی سیاست نہیں کی،وہ دوسری پارٹیاں کرتی تھیں۔

صوبائی وزیر نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت جس طرح کی سیاست کررہی ہے یہی ان کو آئینہ دکھانے کیلئے کافی ہے، خیبرپختونخوا میں شام5بجے کے بعد کوئی پولیس چیک پوسٹ قائم نہیں رہتی، خیبرپختونخوا میں 5بجے کے بعد تھانوں کو تالے لگ جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں آپ کی 15سال سے حکومت ہے، آپ کے 15سال میں بنوں جیل کو توڑا گیا، اس وقت پوری پی ٹی آئی بانی کو جیل سے نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہے، خیبرپختونخوا کے عوام امن وامان کے حوالے سے پریشان ہیں، بیرسٹر سیف نے بھی صدر آصف زرداری،بلاول بھٹو کے خلاف بیان دیا ہے، پی ٹی آئی خود چوں چوں کا مربہ تھا۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے یہ بات کسی سے چھپی ہوئی نہیں، 9مئی کو بانی پی ٹی آئی نے جو حدود کراس کیں وہ بھی کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہیں، پی ٹی آئی کا لیڈر آج جیل میں بیٹھا ہے، ان کے لیڈر نے خود کبھی عقل استعمال نہیں کی۔