کراچی: (حمزہ گیلانی) پاکستان ٹیکس بار نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ویڈیو لنک کانفرنس سہولت کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان ٹیکس بار نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹس اور سرکٹ بنچز میں ویڈ لنک سہولت دی جائے، آئین کے آرٹیکل 10 اے کی شق کے تناظر میں ہر شہری کو منصفانہ سماعت کا بنیادی حق ہے۔
خط کے متن کے مطابق سپریم کورٹ میں پہلے سے موجود ویڈیو لنک سسٹم کی طرز پر ہائیکورٹس میں بھی آن لائن سماعت کی رسائی دی جائے، ٹیکس ترمیمی ایکٹ سے ان لینڈ ریونیو کے بعد ہائیکورٹس ٹیکس اپیلوں کا دوسرا فورم بن گیا ہے۔
پاکستان بار کی جانب سے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قوانین میں ترمیم کے بعد انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی اپیل ہائیکورٹ میں دائر ہو گی، ٹیکس دہندگان کو مقدمات کی پیروی کیلئے بھاری سفری اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں، آسانی پیدا کی جائے۔
پاکستان ٹیکس بار نے خط چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ، قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ اور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھی ارسال کر دیئے ہیں۔