اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے 6 رکنی وفد کی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ میں ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی، چیف جسٹس نے آئی ایم ایف وفد کو عدالتی نظام اور اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی، ججز تقرری اور آئینی ترمیم پر بھی وفد سے بات چیت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے بعد آئی ایم ایف کا 6 رکنی وفد سپریم کورٹ سے روانہ ہوگیا۔
یاد رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے، قبل ازیں آئی ایم ایف تکنیکی وفد نے کابینہ ڈویژن، پی ایم آفس، وزارت خزانہ اور وزارت قانون میں ملاقاتیں کیں جس میں آئی ایم ایف نے سرکاری افسران کے اثاثے ڈیکلیئریشن کیلئے مزید مہلت کی درخواست مسترد کی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کے اثاثوں کو ڈیکلیئر کرنے کیلئے مسودے پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے، سول سرونٹ ایکٹ سے ترمیمی ڈرافٹ فروری میں ہی آئی ایم ایف کو فراہم کیا جائے گا۔