اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں مقدمات کے جلد سماعت کے حوالے سے پالیسی تشکیل دے دی گئی۔
نئی پالیسی کے مطابق ضمانت اور ضمانت قبل از گرفتاری کے مقدمات کو جلد سنا جائے گا جبکہ تمام انتخابی عذرداریوں کو سماعت کیلئے جلد مقرر کیا جائے گا، مقدمات کی منتقلی ،کمپرومائز اور فیملی مقدمات کوبھی سماعت کیلئے جلد مقرر کیا جائے گا، ایسے مقدمات میں جلد سماعت کیلئے درخواست دینے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسی طرح جلد سماعت کی درخواست وکیل کی جانب سے تیار اور اے او آر دائر کرے گا، تاہم جلد سماعت کی درخواست میں معقول وجہ کا ہونا لازمی ہوگا، درخواست کے ہمراہ مقدمہ میں ہنگامیت کا ثبوت لف کرنا بھی لازم ہوگا۔
نئی پالیسی میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جلد سماعت کی درخواست مسترد ہونے پر صرف نئی وجہ کی بنیاد پر ہی جلد سماعت کی درخواست دوبارہ دائر ہوسکے گی۔