حکومت کا معیشت کے استحکام کا دعویٰ جھوٹا ہے: عمرایوب

Published On 05 March,2025 05:03 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور رہنما تحریک انصاف عمرایوب نے کہا ہے کہ حکومت کا معیشت کے استحکام کا دعویٰ جھوٹا ہے۔

سلمان اکرم راجہ ، شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےعمرایوب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں استحکام آیا ہے، کہتے ہیں معیشت میں استحکام آیا ہے وہ کہاں ہے ہمیں نظر نہیں آتا؟

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت بد حالی کا شکار ہو چکا ہے، گندم کی کاشت اور پیداوار میں بحران کا سامنا ہے، معیشت کا پہیہ مکمل جام ہے،انڈسٹریاں بالکل بند ہیں، زراعت اس وقت مشکل ترین وقت سے گزر رہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اس وقت آئی ٹی اورٹیلی کام سیکٹر بہت پیچھے رہ گیا ہے، سروس نہیں مل رہی، معیشت سکڑ چکی اور بد ترین حالات سے گزر رہی ہے، روپے کی قیمت میں کمی آنے سے 120 ارب روپے کا قرض اضافی چڑھا، دوہزار نو سو تیس ارب روپے کے قرضے ری شیڈول کیے گئے۔

عمرایوب کا مزید کہنا تھا کہ جب یہ قرض ادا کرنا ہوگا اس کی قیمت پاکستانیوں کو ادا کرنا ہو گا، چودہ سو ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں سے صرف 92 ارب خرچ ہوا، تین ماہ باقی ہیں ابھی تک صرف 8 فیصد ترقیاتی بجٹ خرچ ہوا۔
سلمان اکرم راجہ
سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں معیشت کا برا حال ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر200کےقریب مقدمات بنائےگئے، 26نومبر کو جو کچھ ہوا سب کےسامنے ہے، تمام اپوزیشن جماعتوں کواکٹھا کر رہے ہیں، ہم چاہتےہیں عمران خان کو کسی ڈیل نہیں آئین وقانون کےذریعےباہرنکالیں، ہمارا ہرلمحہ بانی کی رہائی کی کوششیں ہیں۔
شبلی فراز
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور(ن)لیگ نےپاکستان کی معیشت کوگروی رکھا، جن اداروں میں نقصانات کم ہیں ان کوبیچ رہےہیں، جہاں ان کےمفادات کو نقصان ہو وہ اس پر قانون سازی کر لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاورسیکٹر کو ہی لے لیں، انہوں نے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، دوسری جانب سینیٹ میں خیبرپختونخوا ہی کی نمائندگی ہی نہیں۔