ملک میں امن قائم ہونےتک ترقی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوگا: وزیر اعظم

Published On 11 March,2025 04:46 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں امن قائم ہونےتک ترقی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوگا۔

کابینہ میں توسیع کےبعد پہلے باضابطہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نئےشامل ہونےوالےوزرا، مشیران اورمعاونین خصوصی کومبارکباد پیش کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا دانش سکولوں کے بعد یونیورسٹی بنانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں نئےارکان کی شمولیت سےکارکردگی مزید بہترہوگی،انشااللہ تعمیروترقی کےسفرمیں نئےارکان محنت کریں گے، ہمیں ملکی ترقی کی طرف دوڑلگانی ہے،ہماری ترجیح شرح نمومیں اضافہ کرنا ہے، چاروں صوبوں کےعوام حکومتی کارکردگی کا بغورجائزہ لیں گے۔

وزیراعظم نے کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا مشن پاکستان میں موجود ہے، دہشت گردی نےپھرزورسےسراٹھایا ہے، خیبرپختونخوا،بلوچستان میں دہشت گردی کےخلاف جنگ جاری ہے، افواج پاکستان،پولیس کےجوان روزانہ شہادتیں دے رہےہیں، امن قائم ہونےتک ترقی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کی ایکس پہ پوسٹ ہم اسرائیل کی طرف سے خوراک اور ادویات سمیت انسانی امداد کی تازہ ترین معطلی کی شدید مذمت کرتے ہیں، انسانی امداد کو فلسطینی علاقوں میں داخل ہونے سے روکنا اور بجلی کی سپلائی منقطع کرنے سے علاقے میں پانی کی فراہمی کو محدود کرنے کا خطرہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اس طرح کے جابرانہ اقدامات انتہائی قابل مذمت ہیں، ان جابرانہ اقدامات سے خواتین اور بچوں سمیت لاکھوں بے گناہ فلسطینیوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔