اسلام آباد:(دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود عدالتی کمیشن کی ملاقات بانی پی ٹی آئی سے نہ کروائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہفتہ کے روز 11 سے 12 کے درمیان ملاقات کرانے کا حکم دیا تھا، جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے اپنی لا کلرک سکینہ بنگش کو کمیشن مقرر کیا تھا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبد الغفور انجم کی موجودگی میں عدالت نے کمیشن کی ملاقات کا حکم دیا تھا۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے دن کمیشن تقریبا 3 گھنٹے اڈیالہ جیل کے اندر رہا، کمیشن کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے متعلقہ آفس میں انتظار کرایا گیا ، کمیشن کی عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مشال یوسفزئی بانی پی ٹی آئی کی وکیل ہیں یا نہیں ؟ کمیشن کے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں پوچھنا تھا، بانی پی ٹی آئی کی عدالت میں جمع کرائی گئی لسٹ سے متعلق بھی کمیشن نے پوچھنا تھا، عدالت نے چار سوالات بانی پی ٹی آئی سے پوچھنے کا حکم دیا تھا۔