گورنرہاؤس میں اتحاد رمضان کے تحت 25واں افطار و ڈنر، قونصل جنرل عراق کی شرکت

Published On 26 March,2025 09:29 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر ہاؤس میں اتحاد رمضان کے تحت 25 ویں افطار و ڈنر میں قونصل جنرل عراق نے شرکت کی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام معزز مہمانوں کو گورنر ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، یہ زندگی عارضی ہے، کسی کو مایوس نہیں ہونا، امید کی شمع جلائے رکھو۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ جب گورنر کا عہدہ سنبھالا اس وقت بہت مخالفت ہوئی، 50 ہزار طالب علم آئی ٹی کے کورسز کر رہے ہیں، آج بھی مخالفین مجھ پر تنقید کر رہے ہیں، میرا مقصد اس شہر کی رونقیں بحال کرنا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ سے لوگ اپنی جانوں سے جا رہے ہیں، ملیر کے دلخراش واقعے کی پوری دنیا میں نظیر نہیں ملتی، اس کا حساب کس سے مانگوں؟ آواز اٹھاتا ہوں تو کہتے ہیں آئینی حدود میں رہو، میرے پاس جتنا اختیار ہے آواز اٹھا رہا ہوں۔

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مجھے اختیار دو اگر ایک بچہ ٹینکر آگے آجائے تو میں خود اس ٹینکر کے آگے لیٹ جاؤں گا، یہ لوگ اختیار نہیں دیتے ہیں بلکہ صرف مذا ق اڑاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ پولیس، ایڈیشنل کراچی اور ڈی آئی جی کو فون کرکے واقعے کی رپورٹ لی، غریب کے معاملات کا انہیں کچھ علم نہیں ورنہ آج ان کے ایوانوں میں بھی غریب ہوتے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ خدارا لوگوں کی مجبوری کا خیال کریں، مجھے اللہ تعالیٰ نے لوگوں کی خدمت کا موقع دیا۔