سکھر: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پانی بڑا خطرناک مسئلہ ہے جس کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے۔
اروڑ یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ وفاق تحریک انصاف کے احتجاجوں میں الجھا ہوا ہے، ہم بول رہے ہیں کہ پانی کے مسئلے پر بات کریں، اپنے ادوار میں صوبوں کے مسائل کو ہم نے سیاسی طور پر حل کیا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ بنگلادیش کا نعرہ بعد میں آیا اس سے پہلے تو سندھو دیش کے نعرے لگتے تھے، ہم نے سیاسی طور پر حل کیے، صدر صاحب نے اپنی پہلی تقریر میں ہی واضع طور پر کہا تھا کہ کینال نہیں بننے چاہئیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ وفاق بلوچستان کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے، ہم نے بریفنگ بھی مانگی تھی، ہم نے تو تحریک انصاف کو بھی بلایا تھا مگر وہ نہیں آئے، تحریک انصاف والے ہر بات پر سیاست کرنا چاہتے ہیں بلکہ منافقت کرنا چاہتے ہیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے خاص طور پر بلاول صاحب نے خود کہا ہے کہ تحریک انصاف والوں کو وہ لے آئیں گے، ہم سب کو مل بیٹھ کر بلوچستان کے مسئلے پر بات چیت کے ساتھ حل نکالنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اب کسی کو جرآت نہیں کہ کوئٹہ یا ڈیرہ اسماعیل خان یا بنوں جا سکے، سندھ کے حالات بھی خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس وقت بداعتمادی عروج پر پہنچ چکی ہے اس وجہ سے حالات صحیح نہیں ہو پا رہے۔