لاہور: (دنیا نیوز) عیدالفطر اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے بعد پردیسیوں کی آبائی علاقوں سے واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے باعث بس اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ گیا۔
مختلف شہروں سے پردیسی اپنے پیاروں کو چھوڑنے کا غم اور اداس چہروں کے ساتھ واپس لاہور پہنچ رہے ہیں، اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی چھٹیاں گزارنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے لاہور کا رخ کر لیا ہے۔
پردیسیوں کی واپسی کے باعث شہر کے لاری اڈوں اور ریلوے سٹیشن پر بھی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
پردیسیوں کا کہنا ہے کہ عید کی چھٹیاں گزرنے کا پتا ہی نہیں چلا، روزی کی خاطر اپنے پیاروں سے دور ہیں مگر عید پر ان کے ساتھ خوب لطف اٹھایا، اب کام کرنے کا وقت ہے۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے 31 مارچ سے 2 اپریل تک عید کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا، سرکاری ملازمین ہفتہ اور اتوار کے ساتھ 5 چھٹیوں سے لطف اندوز ہو ئے اور آج 3 اپریل سے سرکاری دفاتر اور کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں۔