پیرس: (دنیا نیوز) پی آئی اے کی پیرس پرواز کے دوران ایک مسافر نے سگریٹ پینے سے منع کرنے پر ایئرہوسٹس پر حملہ کردیا، فرانسیسی پولیس نے مسافر کو گرفتار کرلیا۔
پی آئی اے کی پیرس پرواز پر مسافر کی جانب سے فضائی میزبانوں پر حملے کا واقعہ پیش آیا ہے، پی آئی اے کی اسلام آباد سے پیرس کی پرواز پی کے 749 پر ایک مسافر نے خلاف قانون تمباکو نوشی کرنے کی کوشش کی، خاتون فضائی عملے کی جانب سے منع کرنے کے باوجود مسافر نے تمباکو نوشی بند نہ کی اور بدتمیزی کی۔
عملے اور کپتان کے اصرار پر مسافر نے خاتون فضائی میزبان کا بازو پکڑ کر مروڑا اور کمر پر مکہ مارا جس سے وہ مضروب ہوئیں، مسافر نے فلائیٹ اسٹیورٹ اور کپتان پر بھی حملہ کیا مگر انہوں نے محفوظ رہ کر مسافر سے سگریٹ چھین لی۔
کپتان نے ضابطے کے مطابق فرانسیسی حکام کو دوران پرواز آگاہ کیا اور جہاز کی پیرس آمد پر پولیس نے مسافر کو گرفتار کرلیا، فضائی میزبانوں کے بیانات ریکارڈ کرکے اور ان کا میڈیکل کروا کے پولیس رپورٹ درج کر لی گئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق فرانسیسی قوانین اس معاملے میں بہت سخت ہیں اور امید ہے کہ مسافر سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، مسافر کو پی آئی اے پر بلیک لسٹ کردیا گیا ہے اور اب وہ دوبارہ قومی ائیرلائن پر سفر نہیں کرسکیں گے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے عملے نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی میں پروفیشنل ازم سے کام لیا اور اب قانون اپنا کام کرے گا۔