یتیم بچوں کو ایس او ایس ویلجز میں چھت فراہم کرنا قابل تحسین ہے: مریم نواز

Published On 08 April,2025 11:11 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کو ایس او ایس ویلجز میں محفوظ چھت، معیاری تعلیم فراہم کرنا قابل تحسین ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ایس او ایس چلڈرن ویلج انٹرنیشنل کے صدر ڈیری جے وردوفا سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں یتیم و بے سہارا بچوں کے تحفظ، تعلیم، ذہنی و جسمانی صحت کیلئے اشتراک کار مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پنجاب میں ایس او ایس ماڈل کے فروغ اور بہتری کیلئے تعاون پر بھی اتفاق ہوا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بے بس اور لاوارث بچوں کا سہارا بننے پر ایس او ایس ویلج کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایس او ایس سکولز کی معیاری تعلیم اور یوتھ ہوم کے ذریعے نوجوانوں کو خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنا قابل تحسین ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت پنجاب ذمہ داریاں ماں کے جذبے سے نبھا رہی ہے، چائلڈ کیئر ریفارمز کا آغاز کیا جا رہا ہے، ایس او ایس انٹرنیشنل کا شراکتی کردار اہم ہوگا۔

صدر ایس او ایس ویلج نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی سماجی خدمت کے وژن اور بچوں سے محبت پر مبنی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی چائلڈ کیئر پالیسیز ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کیلئے امید کا پیغام ہے۔