شہر قائد کی 11 مرکزی شاہراہوں پر غیر قانونی رکشاؤں کی آمد و رفت پر پابندی

Published On 15 April,2025 10:46 pm

کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد کی 11 مرکزی شاہراہوں پر غیر قانونی رکشاؤں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد کردی۔

 کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے شہر کی 11 مرکزی شاہراہوں پر غیر قانونی رکشاؤں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پابندی 15 اپریل سے 14 جون 2025 تک نافذ العمل رہے گی، غیر مجاز اور خود ساختہ روٹس پر چلنے والے رکشے ٹریفک روانی میں رکاوٹ اور حادثات کا سبب ہیں۔

حسن نقوی کا کہنا  تھا کہ  کراچی ٹریفک پولیس کی سفارش پر 1+2 اور 1+4 موٹر کیب رکشاؤں پر دو ماہ کے لیے پابندی لگائی گئی ہے جو 15 اپریل سے 14 جون 2025 تک نافذ العمل رہے گی، پابندی کا اطلاق دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت کیا گیا ہے۔

کمشنر نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جن سڑکوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں شاہراہِ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، شامل ہیں۔

اس کے علاوہ شہید ملت روڈ، مزار عبداللہ شاہ غازی، اسٹیڈیم روڈ، اور دیگر اہم شاہراہیں شامل ہیں،  ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ خلاف ورزی پر فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس حوالے سے حسن نقوی کا مزید کہنا تھا  کہ ٹریفک پولیس کو شکایات درج کرنے اور موقع پر کارروائی کا مکمل اختیار دے دیا گیا ہے، رکشہ ڈرائیورز کو متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت جاری کی گئی ہے، فیصلہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اور شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے ہے۔