این اے 18 دھاندلی کیس: تحقیقات روکنے کا حکم امتناع ختم

Published On 18 April,2025 09:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-18 ہری پور میں انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے رہنما پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب کی درخواست پر جاری حکم امتناع ختم کردیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے این اے- 18 ہری پور میں انتخابی دھاندلی کیس کی سماعت کی، جس کے بعد اہم پیش رفت ہوئی۔

قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے فیصلہ سنایا اور این اے-18 ہری پور میں دھاندلی کی تحقیقات روکنے کا حکم امتناع ختم کردیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی درخواست پر عدالت نے دھاندلی کی تحقیقات پر حکم امتناع جاری کردیا تھا تاہم اب اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم امتناع ختم کر دیا۔