دیکھتے ہیں گنڈا پور معدنیات بل پاس کروائیں گے یا نوکری بچائیں گے: فیصل کریم کنڈی

Published On 19 April,2025 06:15 pm

پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دیکھتے ہیں گنڈا پور معدنیات بل پاس کروائیں گے یا اپنی نوکری بچائیں گے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خیبرپختوںخوا حکومت کے تمام ادارے، وزرا کرپشن میں ملوث ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ ایک دوسرے پر کرپشن کےالزامات لگا رہے ہیں، ہمارے صوبے کے پیسوں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف این آر او کے لیے لوگوں کے پاؤں پڑ رہی ہے، علی امین گنڈاپور کو جو ٹاسک اسلام آباد سے ملتا ہے، وہ اچھے بچوں کی طرح اسے پورا کرتے ہیں، دیکھتے ہیں اب وزیراعلیٰ مائنز اینڈ منرلز بل پاس کروائیں گے، یا اپنی نوکری بچائیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ٹیکس کے پیسے جلسے جلوسوں میں اڑا دیے، پی ٹی آئی کے وزرا ایک دوسرے پر الزام لگا رہے ہیں اور نیب خاموش ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعظم کو ایک بار پھر پشاور آنے کی دعوت دیتا ہوں، وزیراعلیٰ کے پی کسی سے بات چیت نہ کرنےکی ہٹ دھرمی چھوڑ دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی حکومت کرم میں 25 کلومیٹر روڈ نہیں کھول سکتی اور اسلام آباد پر چڑھائی کی بات کر رہی ہے۔