کراچی :(دنیا نیوز) وزیربلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ن لیگ کو پیپلز پارٹی کے حکومت نہ چھوڑنے سے متعلق غلط فہمی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نےگریٹر تھر کینال کےخلاف بھی قرارداد منظورکی تھی، کینالز پر کام نہیں ہو رہا، سوا سال ہوگیا ہےسی سی آئی کا اجلاس نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) بیانات کے ذریعے پیپلز پارٹی کو خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ہماری پارٹی پہلےدن سےکینالزکےمعاملے پر بات کر رہی ہے، وفاقی حکومت کو پیپلزپارٹی کے حکومت نہ چھوڑنے سے متعلق غلط فہمی ہے۔
وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو ابھی تک پورے معاملےکی گہرائی کا اندازہ ہی نہیں، سندھ میں احتجاج کرنےوالے اور ہم بھی وہی بات کررہےہیں، سڑکوں کو بند کرنے والوں کو اپنے طریقہ کار پر ریویو کرنا چاہیے۔
سعید غنی نے کہا کہ اگریہ معاملہ اتنا ہی سیدھا ہے تو اب تک سی سی آئی اجلاس کیوں نہیں بلاتے، جان بوجھ کرپیپلزپارٹی کی سیاست کونقصان پہنچایا جارہا ہے، اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی کو مس کلکیولیٹ کر رہی ہے، رانا ثنا اللہ نے 8 ماہ پہلے سب کو کال کیوں نہیں کی؟
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نہ چھوڑنے کی رانا ثنااللہ کو خوش فہمی ہے، ریاستیں ضد بازی سے نہیں چلائی جاتیں، صوبوں کےدرمیان عدم اعتماد پیدا نہیں کرنا چاہیے، رابطہ ہوا ہے ایک دودن کےاندرپتہ چل جائے گا۔