اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی اخبار نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں رواں ہفتے گرمی کا عالمی ریکارڈ بن سکتا ہے۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں ہفتے جنوبی ایشیا میں گرمی 50 ڈگری کے عالمی ریکارڈ کو چھو سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے پاکستان کے شہر نواب شاہ میں 2018 کے اپریل میں پارہ 50 ڈگری تک گیا تھا جو ایشیا بھر میں گرمی کا ریکارڈ تھا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے اور مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم 5 مئی تک ملک پر اثر انداز رہے گا جس کے سبب مئی کے پہلے ہفتے میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 30 اپریل کی شام تک مغربی لہر کے ملک کے بالائی علاقوں تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ یکم مئی سے شمال مشرقی پنجاب میں نمی کی لہریں داخل ہونے کا امکان ہے۔