اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک روس دوستی کے فروغ میں صدر پیوٹن کے کردار کا معترف ہوں، دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی تبادلوں سے بہتر تعلقات اور افہام و تفہیم کی بنیاد رکھی گئی۔
دوسری جنگِ عظیم میں روسی فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ جنگِ عظیم دوم میں فتح کے دن پر روسی صدر، حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ نازی ازم کے خلاف روسی فتح کا دن جنگ اور امن کی قیمت کی یاد دہانی کراتا ہے، روسی فتح عوامی طاقت، امن و خوشحالی کیلئے روس کے مضبوط عزم کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم میں موجودہ پاکستان کے علاقے سے بھی لوگوں نے نازی ازم کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا، میرا 2011 کا دورہِ روس یادگار تھا، پاکستان روس کو ایک اہم عالمی طاقت ، علاقائی امن و استحکام میں کلیدی عنصر کے طور پر دیکھتا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے پیشِ نظر روس موجودہ صورتحال بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور کر رہا ہے، یقین ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط کے شعبوں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مفاہمت اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، آیئے خطے اور دنیا کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر کام کریں۔