بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے: اسحاق ڈار

Published On 07 May,2025 08:34 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں بھارتی جارحیت پر مختلف سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے اسحا ق ڈار نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی، بھارت نے جارحیت سے علاقائی امن و استحکام کو بھی خطرے میں ڈالا، ہندوستان کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ورزی ہے۔

وزرات خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ان کا اپنی گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ پہلگام حملہ پاکستان کو جوڑنے کے قابل اعتبار ثبوت نہیں ہے، عالمی برادری بھارت کو اس کے غیر ذمہ درانہ عمل کے لیے جوابدہ ٹھہرائے، ہندوستان نے ایک بار پھر دہشت گردی استعمال کرتے ہوئے مظلومیت کی فرضی داستان کو فروغ دیا۔