آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا آغاز، بھارتی ایئربیس ادھم پور، براہموس سٹوریج سائٹ تباہ

Published On 10 May,2025 04:57 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان نے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کا آغاز کرتے ہوئے فجر کے وقت بھارتی جارحیت پر جوابی کارروائی شروع کردی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان کی جانب بھارت کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، ذرائع نے مزید بتایا کہ اس وقت بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پاکستان کے ڈرونز دن کے اجالے میں بھارت کے دارالحکومت دہلی میں پہنچ کر نیچے پروازیں کرتے رہے جس سے بھارتی سکیورٹی فورسز کے ہوش اڑ گئے۔

آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ جس کا مطلب ’’سیسہ پلائی دیوار‘‘ ہے کے نتائج آنا شروع ہوگئے، آپریشن کے دوران بھارتی علاقے بیاس میں براہموس میزائل کا ڈپو تباہ کردیا گیا، ایئر بیس ادھم پور اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا گیا، ادھم پور ایئر بیس کو 3 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے آدم پور ایئر فیلڈ کو بھی نیست و نابود کر دیا گیا ہے، آدم پور ایئر فیلڈ سے پاکستان، امرتسر اور افغانستان پر میزائل داغے گئے تھے، بھارتی آرٹلری گن پوزیشن دہر نگیاری کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کے جی ٹاپ، سپلائی ڈپو اڑی کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے، سائبر اٹیک کے ذریعے بھارت کے 70 فیصد بجلی کے گرڈز کو ناکارہ کر دیا گیا جس کے باعث ہندوستان میں اندھرا چھا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کہ جہاں سے پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کئے گئے تھے ان کو فتح ون میزائل سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، بھارت کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی جارہی ہیں۔

بھارتی میڈیا نے اعتراف کیا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت میں 26 اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت کی جانب سے اگر کسی قسم کی دوبارہ جارحیت کی گئی تو اس کے معاشی اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارتی طیاروں نے پاکستان میں3 ایئر بیسز پر میزائل داغے تھے، جس کے دوران نورخان ایئربیس، مرید بیس اور شورکوٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا، بھارت نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے تھے۔