وزیر اعلیٰ پنجاب نے کامران لاشاری کا استعفیٰ منظور کر لیا

Published On 14 May,2025 05:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کامران لاشاری کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

کامران لاشاری کو آفس چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی کامران لاشاری نے ایک ماہ قبل ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کےعہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

استعفے کے متن میں کامران لاشاری نے کہا کہ میرے لئے عزت کی بات ہے کہ میں نے ڈی جی والڈ سٹی لاہور اتھارٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

کامران لاشاری نے استعفیٰ میں لکھا کہ میں نے پوری امانتداری سے کوشش کی کہ پاکستان کے کلچر کو فروغ دیا جائے، کلچر کے ذریعے دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ دکھایا جائے، تاہم کچھ ذاتی وجوہات کی وجہ سے ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا۔

کامران لاشاری کا کہنا تھا کہ میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں، بطور ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی استعفیٰ منظور کیا جائے، سیکشن 6 والڈ سٹی ایکٹ 2012 کے تحت اپنی ذمہ داریوں سے مستعفی ہو رہا ہوں۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری کی جانب سے مغلیہ دور کے شاہی قلعہ، شالامالار باغ سمیت تاریخی عمارتیں آثار قدیمہ کو واپس دینے پر استعفیٰ دیا گیا۔

شاہی قلعہ میں 1950 کے رولز میں ترمیم کے بغیر میرج فنکشن استعفیٰ کی وجہ بنے، ڈی جی والڈ سٹی کی قدیم لاہور کے گرد تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی استعفیٰ کی وجہ بنا۔