کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے بجٹ میں پانی، نکاسی، سولر، تعلیم، صحت، زراعت اور صنعتی ترقی اہم ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اپنی کابینہ اراکین کے ساتھ بجٹ پروپوزلز پر اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ اور متعلقہ سیکرٹریز شریک ہوئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ میں کابینہ اراکین سے آئندہ بجٹ کے حوالے سے مشاورت کرنا چاہتا ہوں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ہر ضلع سے بجٹ تجاویز لی ہیں، رواں مالی سال میں کوئی نئی سکیم نہیں لی گئی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت نے زیادہ سے زیادہ جاری سکیمیں مکمل کرنے کی کوشش کی، نئے سال میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر نئی سکیمیں شامل کر رہے ہیں، تمام محکموں، اُن کے ذیلی اداروں اور ضلعوں سے نئی سکیمیں آچکی ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی، سکولوں اور ہسپتالوں کی مرمت جاری رہے گی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر بھی نئے پراجیکٹس شروع کریں گے، غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کو نئے بجٹ میں اہمیت دیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بحالی اور دیکھ بھال کے حوالے سے بجٹ میں اضافہ ہوگا، ہسپتالوں کے آلات اور اُن کی مزید بہتری کے لیے بجٹ رکھا جائے گا، نئے سال میں کراچی میں ٹرانسپورٹ کے چند پراجیکٹس مکمل ہوں گے۔
وزراء نے نئے بجٹ کے لیے وزیراعلیٰ کو تجاویز دیں، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی کی تجاویز پیش کی گئیں، اجلاس میں بلدیاتی اداروں کو اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے لیے اقدامات کرنے کی تجاویز دی گئیں۔
اجلاس میں لوکل گورنمنٹ کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، نئے سال میں ڈیجیٹل کیش ٹرانسفر کو متحرک کرنے کی تجاویز دی گئیں، سالڈ ویسٹ مینجمٹ کو نئے سال میں مزید اضلاع تک وسعت دینے کی تجاویز دی گئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کو بجلی کے لیے سولر سسٹم کو مستحکم کرنے کی تجاویز اور مختلف اضلاع میں بس سٹینڈز کی تعمیر کے پروپوزل شامل ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کتنے فنڈز دینے کا عندیہ دیتی ہے اور صوبائی ریونیو کے ہدف کے مطابق نئے بجٹ کو فائنل کریں گے، عید کے بعد مزید اجلاس کرکے بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دیں گے۔