لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی محمد احمد خان لغاری اور نعیم اختر خان بھابھہ نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں جاری فلاحی منصوبوں،عوامی مسائل کے حل اور حلقے کے ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اراکینِ اسمبلی نے صوبے میں جاری ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کو سراہا۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مل کر پنجاب کو ایک ماڈل صوبہ بنانا ہے، عوام کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے، نوجوانوں کی تعلیم اور مالی خودمختاری میری ترجیحات میں سرفہرست ہے، ترقی کے ثمرات صوبے کے ہر حصے تک پہنچانا چاہتے ہیں۔
رکن اسمبلی نعیم اختر خان بھابھہ نے ملتان وہاڑی روڈ کی تعمیروتوسیع پراجیکٹ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نعیم بھابھہ کی درخواست پر وہاڑی گرلز کالج میں کلاسیں شروع کرانے کا حکم دیا اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو تعطیلات کے بعد وہاڑی گرلز کالج میں کلاسز شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
مریم نوازنے ایم پی اے محمد احمد لغاری کی درخواست پر کوٹ ادو میں واٹر سکیم پراجیکٹ لانے کے احکامات جاری کر دیئے۔
اس موقع پر ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے قلیل عرصے میں شفاف گورننس اور انقلابی اقدامات کے ذریعے عوام کے دل جیت لئے ہیں، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ، راشن کارڈ، ہمت کارڈ، ایجوکیشن کارڈ سب کی ترقی میں مساوی شرکت کے لئے بہترین اقدامات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہونہار سکالرشپ، لیپ ٹاپ سکیم اور ای بائیکس پراجیکٹس سے طلبہ کے دل جیت لئے۔