پاکستان سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے کو بھرپور جواب دیا جائے گا: احسن اقبال

Published On 01 June,2025 05:30 pm

نارووال:(دنیا نیوز)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے نارووال میں سسٹو ڈیوائسز تقسیم کی تقریب میں معذور و نابینا افراد میں وہیل چیئرز، واکرز اور آلات تقسیم کئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کو وہ مزہ سکھایا ہے کہ اسے دن میں تارے نظر آگئے، وہ جہاز جن کے اوپر بھارت کو بڑا غرور تھا ہماری فضائیہ نے زمین پر پٹک دیے، جو کامیابی اللہ تعالیٰ نے پاکستانی قوم کو عطا کی ہے جس پر ہم جتنا بھی شکر ادا کریں اتنا کم ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے بتا دیا کہ جو پاکستان پر میلی نگاہ ڈالے گا، ہم اس کا گھرتک پیچھا کریں گے، پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ہمیں یہ بتا رہی تھی کہ پاکستان کا ستیاناس اور بیڑا غرق ہو گیا ہے، پی ٹی آئی بتا رہی تھی کہ پاکستان کی فوج اپنا کام نہیں کر سکتی۔

احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف بتا رہی تھی کہ پاکستان کے سپہ سالار اپنے منصب کے اہل نہیں ہیں، صبح شام ان کا سوشل میڈیا ملک اور فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف تھا، جتنی بہادرانہ اور دلیرانہ قیادت کا فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مظاہرہ کیا، تاریخ میں نہیں دیکھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا 2019 میں بھی پاکستان پر بھارت نے حملہ کیا تھا، اس وقت کے وزیراعظم نے اسمبلی میں کہا کہ پھر میں کیا کروں؟ کیا میں ہندوستان پہ حملہ کر دوں؟ آج آپ کے وزیراعظم نے مسلح افواج کو یہ نہیں پوچھا کہ اب ہم کیا کریں۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن کو ایسا جواب دو کہ دشمن کو پتہ لگ جائے، بتاؤ کہ جو پاکستان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرے گا پاکستان اس کے چہرے پر زناٹے دار تھپڑ مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جوں جوں بھارت ہوش میں آرہا بتا رہا ہے کہ ہاں پاکستان نے ہمارے جہاز مارے ہیں، آپ سب کو یہ شاندار فتح مبارک ہو۔