ہندوستانی پارلیمانی وفد نے غلط بیانیہ بنانے کی کوشش کی: پاکستانی ہائی کمیشن کوالالمپور

Published On 02 June,2025 06:53 pm

کوالالمپور: (دنیا نیوز) پاکستانی ہائی کمیشن کوالالمپور نے ہندوستانی پارلیمانی وفد کے دورے پر ردعمل جاری کر دیا۔

ہائی کمیشن کے مطابق ہندوستانی وفد نے ملائیشیا کے دورے کے دوران غلط بیانیہ بنانے کی کوشش کی، وفد نے ہندوستان کی جارحیت اور پاکستان کے ردعمل کے بارے میں غلط بیانیہ بنانے کی کوشش کی۔

بھارتی وفد نے کشمیر متنازعہ نوعیت کو مبہم کرنے کی کوشش کی، مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، ہندوستانی پارلیمانی وفد کے سیاسی اور غیر سنجیدہ دعوؤں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔

ہائی کمیشن کے مطابق ہندوستانی وفد کی انسداد دہشت گردی کے بہانے پاکستان کو پھنسانے کی کوششیں بے بنیاد گمراہ کن ہیں، ہم نے اس ڈس انفارمیشن مہم کا سنجیدگی سے نوٹس لینا ہے۔

ہندوستان کی غلط بیانی کا مقصد کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بین الاقوامی توجہ ہٹانا ہے، ہندوستان الزام تراشی سے کشمیر میں ریاستی جبر سے توجہ نہیں ہٹا سکتا، ہندوستان کی انسداد دہشت گردی سے متعلق خود ساختہ کریڈینشلز بے نقاب ہوچکے ہیں۔

پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ہندوستان نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو منظم کیا ہے، ہندوستان کے مدد سے ہونے والی دہشت گردی سے خواتین اور بچوں سمیت قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان نے مسلسل ایک ذمہ دار اداکار کے طور پر کام کیا ہے، پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت کیا، پاکستان کا جواب درست، متناسب اور کیلیبریٹڈ تھا۔

پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستان بیرونی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور دفاع کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہیں، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عسکری سفارت کاری کے اس رجحان کو مسترد کرے۔