اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات مسترد کر دیئے، بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت اشتعال انگیزی سے باز رہے، بھارت مسلسل جھوٹا بیانیہ گھڑنے میں مصروف ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان پر الزامات لگا کر بھارت اپنی ناکامی چھپا نہیں سکتا، مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کو چھپایا نہیں جا سکتا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنی سرحد پار دہشت گردی پر غور کرنا چاہئے، پاکستان امن، مذاکرات اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔
پاکستان نے بھارت کو انتباہ کیا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے، بھارت کا بیانیہ ناکام فوجی مہم کے بعد کی مایوسی کا عکاس ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت پاکستان سے متعلق جنون ترک کرے، تاریخ بلند آواز والوں کو نہیں، دانائی سے کام لینے والوں کو یاد رکھتی ہے۔