واشنگٹن پوسٹ نے 'آپریشن سندور' سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا فاش کر دیا

Published On 10 June,2025 09:43 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا روزنامے دی واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی میڈیا اور مودی حکومت آپریشن سندور میں کامیابی سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کیلئے ان سے مسلسل جھوٹ بولتی رہی۔

دی واشنگٹن پوسٹ نے آپریشن سندور سے متعلق بھارتی پروپیگنڈے کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا جس سے بھارت کو بین الاقوامی سطح پر شرمندگی کا سامنا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نے بی جے پی حکومت کے اشارے پر پاک بھارت جنگ سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائیں، پاکستان کے تمام بڑے شہروں پر بمباری، قبضے اور فتح کے جھوٹے دعوے کیے گئے جو کہ حقیقت کے برعکس تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اے آئی کے ذریعے جنگ کی جھوٹی اور فرضی ویڈیوز، تصاویر اور من گھڑت خبریں اور تصاویریں بنا کر عوام میں پھیلائی گئیں۔

اخبار کے مطابق یہ صحافت نہیں بلکہ بھارتی ریاستی سرپرستی میں تیار کردہ فکشن تھا جس کا مقصد بھارت کی عوام اور عالمی برادری کو گمراہ کرنا اور خطے میں کشیدگی کو سیاسی فائدے کیلئے استعمال کرنا تھا۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں مودی حکومت کے نام نہاد دعوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارتی میڈیا نے پاکستان کے ساتھ جنگ کے دوران جھوٹی جنگی خبریں پھیلائیں، فلاڈیلفیا میں طیارہ حادثہ، ویڈیو گیمز کے مناظر کو "پاکستان پر حملے" کے مناظر کے طور پر پیش کیا گیا۔

زی نیوز، این ڈی ٹی وی، آج تک اور ٹائمز ناؤ جیسے بھارتی چینلز نے جھوٹی ویڈیوز چلائیں، غزہ اور سوڈان کی ویڈیوز کو پاکستان پر حملے کی ویڈیوز کے طور پر پیش کیا گیا، بی جے پی کے زیر اثر بھارتی میڈیا چینلز نے کراچی پر حملے اور پاکستانی وزیراعظم کی طرف سے ہتھیار ڈالنے کے جھوٹے دعوے کئے جن کا دور دور تک سچائی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

بھارتی بحریہ اور فضائیہ نے کسی حملے کی تصدیق نہیں کی مگر نیوز چینلز نے جنگی جنون کو ہوا دینے کیلئے پاکستان کے بیشتر شہروں پر حملوں، قبضے اور پاکستانی فضائیہ کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کے من گھڑت دعوے نشر کیے۔

گودی میڈیا نے ریٹائرڈ بھارتی فوجی افسران کو جنگ سے متعلق جھوٹی خبروں کو سچائی پر مبنی قرار دینے کے لیے بطور ترجمان استعمال کیا، بی جے پی حکومت کے واٹس ایپ گروپوں کے ذریعے اینکرز کو جھوٹی خبریں پہنچائی گئیں اور انہوں نے تصدیق کرنے کی زحمت گوارا کئے بغیر انہیں اسی طرح نشر کردیا۔

واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں مزید کہا ہے کہ بھارتی "ٹی وی چینلز جھوٹی کہانیاں گھڑنے والوں کے زیر تسلط ہیں"، پاک بھارت جنگ سے متعلق بھارتی عوام کو گمراہ کیا گیا جس سے خود عالمی سطح پر بھارت کی سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

اخبار کے مطابق ایک بھارتی سکیورٹی عہدیدار نے اعتراف کیا ہے کہ جھوٹی معلومات عوام تک پہنچانا ایک جنگی حکمت عملی تھی لیکن اس کا نقصان بھارت کو ہی اٹھانا پڑا، ریاستی پروپیگنڈا حقائق پر غالب آ گیا، سچائی کی جگہ سیاسی وفاداری نے لے لی۔

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے اس تمام صورتحال پر خاموشی اختیار کی اور نریدنر مودی نے سیز فائر کے دو دن بعد بیان دیا لیکن اس دوران خلا کو جھوٹ سے پر کیا گیا، بھارتی میڈیا نے نام نہاد قوم پرستی کو پراپیگنڈے کیلئے استعمال کیا اور پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کئے تاہم اس کا نقصان ملک اور میڈیا دونوں کو اٹھانا پڑا۔

بھارتی حکومت اور میڈیا کے جھوٹ کی قلعی کھولنے پر مودی سرکار نے بی بی سی اور ٹی آر ٹی سمیت متعدد عالمی میڈیا پر پابندیاں عائد کردیں، بی جے پی کے جھوٹے بیانیہ کو چیلنج کرنے والے مقامی صحافیوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔

نیویارک ٹائمز، واشنگٹن پوسٹ، رائٹرز، ٹی آر ٹی، الجزیرہ اور بی بی سی نے جنگ سے متعلق بھارتی میڈیا کے جھوٹ کو بے نقاب اور پاکستانی میڈیا کی پیشہ ورانہ شفافیت کو سراہا ہے۔